اڈپی 16؍جنوری (ایس او نیوز) شہر میں 2.60 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والی خواتین کی ہائی ٹیک مچھلی مارکیٹ کا افتتاح وزیر ماہی گیری، یوتھ سروس و اسپورٹس اور ضلع انچارج پرمود مدھو راج کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مچھلی فروش خواتین کی یہ ہائی ٹیک مچھلی مارکیٹ ملک میں سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔ اب اس کی صفائی اور ستھرائی کی ذمہ داری اسے استعمال کرنے والوں کو سنبھالنا چاہیے۔یہاں خرید وفروخت کرنے والوں کو اچھا ماحول فراہم کرنا چاہیے۔ مچھلی فروخت کرنے کے لئے کاونٹرس قرعہ اندازی کے ذریعے مچھلی فروش خواتین کو فراہم کیے جائیں گے۔
ایم ایل سی کوٹی سرینواس پجاری نے کہا کہ ماہی گیروں اور مچھلی فروشوں کو غیر منظم مزدوروں کے زمرے میں شامل کرکے لیبر ڈپارٹمنٹ سے ملنے والی سہولتیں انہیں دستیاب کرنے کی تدابیر حکومت کو کرنی چاہیے۔اس موقع پر مچھلی فروش خواتین کو سرٹفکیٹ بھی جاری کیے گئے۔افتتاحی پروگرام میں مختلف محکمہ جات کے ذمہ داران اور سیاسی نمائندے موجود تھے۔
واضح رہے کہ صرف خواتین مچھلی فروشوں کے لئے مختص اس مچھلی مارکیٹ کے تعمیر اتی منصوبے کا سلسلہ سن2012میں شروع ہوا تھا جب یہاں سے مچھلی فروش خواتین کو دوسری جگہ منتقل کیا گیا تھا تاکہ تعمیراتی کام کا آغاز ہوسکے۔ لیکن ایک سال تک اس مقام پر کوئی کام انجام نہیں دیا گیا۔مارچ 2013میں حیدر آباد کی این ایف ڈی بی کی طرف سے 1.80کروڑ روپے، ریاستی حکومت کی طرف سے 10لاکھ روپے اومیونسپالٹی کی طرف سے 10لاکھ روپے شامل کرکے 2کروڑ روپے کی لاگت سے 76کاونٹرس والی مچھلی مارکیٹ تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا۔سال 2014میں کاونٹروں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 174کاونٹرس میں بدل دیا گیا ۔اس کی وجہ سے فنڈ کی کمی کا مسئلہ پید اہوگیا اور تعمیراتی کام دوبارہ ٹھپ ہوگیا۔پھر شہری بلدیہ کی طرف سے 30لاکھ اور محکمہ ماہی گیری کی جانب سے 30 لاکھ روپے کا اضافی فنڈ فراہم کیا۔ اس طرح اس ہائی ٹیک مارکیٹ کی تعمیر میں تقریباً پانچ سال کا عرصہ لگا اور 2.60کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔